عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کردیا

عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کردیا
لاہور:‌ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے جمعہ کو لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا جمعہ سے لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور لبرٹی چوک سے لانگ مارچ شروع ہوگا، لبرٹی چوک پر جمع ہوکر اسلام آباد جائیں گے، مجھے کہتے ہیں ملک مشکل میں ہے لانگ مارچ نہ کریں، کوئی شک میں نہ رہے کہ ملک بہت مشکل میں ہے، اب احتجاج لانگ مارچ پر ختم نہیں ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے2، بلاول بھٹو نے 1 بار لانگ مارچ کیا،مریم نواز نے ایک لانگ مارچ کیا تھا جو گوجرخان میں رہ گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تو کسی کو خیال نہیں آیا کہ ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں، سندھ ہاؤس میں لوگوں کو خرید کر ہماری حکومت گرائی گئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو ہمارے پر امن احتجاج پر تشدد کیا گیا، صرف ملک کی خاطر لانگ مارچ کال آف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جولائی کے ضمنی الیکشن جیتنے کے بعد میرے اوپر مقدمات کی بارش کر دی گئی، میرے اوپر 24 ایف آئی آر کٹ چکی ہیں۔ عمران خان نے لیگی قیادت اور آصف زرداری کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں ن لیگ پنجاب میں مقابلہ کرے، کہیں بھی مجھے جیت کر دکھا دے۔ آصف زرداری کو بھی چیلنج کرتا ہوں، وہ اب مجھ سے سندھ میں جیت کر دکھا دے، میرا اگلا پروگرام سندھ آنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آئی ٹی کی ایکسپورٹ 3 گنا بڑھ گئی تھیں، ہمارے بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا، ہمارے ہیلتھ کارڈ جیسا منصوبہ امیر ملک بھی نہیں کر سکتے تھے۔ ہم نے کسانوں کی مدد کی اور بہترین فصلیں ہوئیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔