اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج جنوبی پنجاب کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے جارہے ہیں، جنوبی پنجاب سیکریٹ صرف قائم ہی نہیں ہوگا،باختیار بھی ہوگا، جنوبی پنجاب کے عوام آج وزیر اعظم عمران خان کا خیرمقدم کریں گے، آج میرے لئے اور جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے انتہائی خوشی کا دن ہوگا۔پبلک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو کہتے ہیں تبدیلی نہیں آئی، وہ آج تبدیلی کی واضح جھلک دیکھ لیں گے، جنوبی پنجاب کے عوام کو آج حق مل رہا ہے، یہ تبدیلی نہیں تو کیا ہے ، جنوبی پنجاب کو الگ حیثیت دینا اور بااختیار بنانا تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے ٗ جنوبی پنجاب کے باسیوں کو سرکاری ملازمتوں میں بھرپورکوٹہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی کے فنڈ صرف مختص ہوتے تھے، استعمال کہیں اور ہوتے تھے، اب جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز انہی علاقوں کی ترقی پر خرچ ہوں گے ٗعلاقے میں ترقی کا جال بچھے گا،شہری مسائل حل ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بننے سے فائلیں لاہور نہیں جائیں گے۔