پی ٹی آئی کا مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف آج ملک گیر احتجاج

پی ٹی آئی کا مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف آج ملک گیر احتجاج
کیپشن: پی ٹی آئی کا مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف آج ملک گیر احتجاج

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کا مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف ملک بھر میں احتجاج  شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے  مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کے خلاف پی ٹی آئی کی ریلی باقاعدہ شروع ہوگئی، ریلی کی قیادت اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کر رہے ہیں،

ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہے۔

عمر ایوب نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اتنی بڑی تعداد میں کارکنان پہنچے ان سب کو داد دیتا ہوں، آج آپ سب نے خوف کے بت توڑے ہیں، نیلی یونیفارم میں اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کا دل بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آج راولپنڈی، اٹک، حسن ابدال ہر صوبائی حلقے میں ریلی نکالی گئی، باقی پارٹیز فارم 47 والی ہیں ان کا وزیراعظم چند دنوں کی مار ہے، 21 اپریل کو جو ضمنی انتخاب ہوا وہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا، آر اوز کو حکم تھا کہ ٹھپے لگا کر ڈبوں میں ڈالتے رہو۔

عمر ایوب نے کہا کہ  ہم اس آلودہ نظام کو تبدیل کریں گے،ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو جنگل کا قانون نہ ہو، آج دیکھ لیں اس کرپٹ حکومت کی وجہ سے کسان پر کیا آفت آن پڑی، حکومت پنجاب کہتی ہے 16 روپے کی روٹی لے لو جو کہیں نہیں ملتی۔

زمان پارک میں رات گئے پی ٹی آئی کارکنوں کا ہلا گلہ

قبل ازیں تحریک انصاف کا یوم تاسیس،زمان پارک میں رات گئے پی ٹی آئی کارکنوں کا ہلا گلہ،بانی چئیرمین کے گھر کے باہر پارٹی کے یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عثمان حمزہ اعوان کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچی۔کارکنوں نے زمان پارک میں آتش بازی اور نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں دھاندلی اور عام انتخابات میں "مینڈیٹ کی چوری" کا الزام لگاتے ہوئے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔