قلات: مسلح افرادکی فائرنگ، پولیس اورلیویز اہلکاروں سمیت 10 افرادجاں بحق

قلات: مسلح افرادکی فائرنگ، پولیس اورلیویز اہلکاروں سمیت 10 افرادجاں بحق
کیپشن: قلات: مسلح افرادکی فائرنگ، پولیس اورلیویز اہلکاروں سمیت 10 افرادجاں بحق

ویب ڈیسک: ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے مطابق فائرنگ سے پولیس کا ایک سب انسپکٹر، چار لیویز اہلکار اور پانچ شہری جاں بحق ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ علاقے کو کلیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ اور شہر میں مسلح افراد رات سے پولیس کے ساتھ مقابلہ کر رہے تھے جس میں جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب، نامعلوم مسلح افراد نے جیونی میں بھی پولیس تھانے پر حملہ کیا تھا، حملہ ایرانی سرحد سے 15کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھانے پر کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں پولیس تھانے کے ساتھ کھڑی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وفاقی وزیرداخلہ کی دہشتگردی کے واقعہ کی شدیدمذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیرداخلہ نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس و لیویز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور 5 شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکاروں اور شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد کی قوت سے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے، وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ۔