ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے انہیں اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ جس کا اعلان وہ 8 ستمبر کے جلسے میں کریں گے۔
شیر افضل مروت نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ محسن نقوی کا کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بناوٹی اور نان پروفیشنل لوگوں کو ذمہ داریاں سونپے سے پاکستان کو شکست پر شکست ہو رہی ہے۔ میرٹ کی مسلسل پامالی ہو رہی ہے، محسن نقوی کا کرکٹ سے کیا لینا دینا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ متحد ہو کر لڑنی ہے۔ 8 ستمبر کی ذمہ داری علی امین گنڈاپور کو دی گئی ہے کہ وہ ہر صورت یہ جلسہ کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے کہ اگر 8 ستمبر کو میرا بھی پیغام آئے تو آپ نے یقین نہیں کرنا۔ بانی پی ٹی آئی نے مجھے کیا ذمہ داریاں دی ہیں؟ اس کا اعلان 8 ستمبر کے جلسے میں کروں گا۔ مجھے جو ذمہ داری دی گئی وہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم ستمبر کے جلسے کے لیے تیاری رکھیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 22 اگست کو جلسہ ملتوی نہیں ہونا چاہئے تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا میرے سامنے یہ تصویر رکھی گئی کہ انتشار ہو جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا جو بھی صورتحال ہو جلسہ 8 ستمبر کو ہی ہو گا۔