محکمہ موسمیات نے خشک سردی کے خاتمے کی نوید سنادی

محکمہ موسمیات نے خشک سردی کے خاتمے کی نوید سنادی
لاہور ( پبلک نیوز) ملک میں مغربی ہواؤں کا نیاسلسلہ شروع ہونے کے بعد آج بیشتر شہروں میں بادل خوب برسے ۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم دلفریب بنادیا۔ سندھ اور بلوچستان میں بھی بارشوں کا آغاز ہوگیا۔ ملک بھرمیں بادلوں اور بارش کی انٹری سے موسم نے کروٹ بدل لی۔ کہیں گھنگھورگھٹائیں اور کہیں مینہ خوب برسا۔ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ پیرمحل، شور کوٹ اور جھنگ میں بارش نے خوب رنگ جمایا۔ چشتیاں، ظاہر پیر، وہاڑی، گوجرہ، بہاولنگر، بہاولپور اور احمد پورشرقیہ میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی۔ کراچی میں بونداباندی سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور پشین میں بھی بارش برسی۔ دوسری جانب زیارت سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے وادی کے حسن کو دوبالا کر دیا۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں برفباری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔ سیاحوں کی بڑی تعداد دلفریب موسم سے لطف اٹھانے کے لئے پہنچ گئی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔