سموگ میں اضافہ، وزیر اعلی پنجاب کا انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ

سموگ میں اضافہ، وزیر اعلی پنجاب کا انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ
لاہور: وزیراعلی محسن نقوی نے سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر علیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیراعلی آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور سموگ کی موجود صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصر،بلال افضل،ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت نے اجلاس میں شرکت کی۔ سموگ میں کمی کیلئے مصنوعی بارش کے بعد وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ایک اور اہم اقدام کیا ہے،وزیراعلی محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے چین کے ماہرین ماحولیات کی خصوصی ٹیم اگلے ہفتے لاہور آئے گی۔وزیراعلی محسن نقوی نے سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس سموگ بڑھنے کی وجوہات کی مستند ریسرچ ہی نہیں۔ہم صرف سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے سموگ پر قابو نہیں پا سکتے۔عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے مستند ڈیٹا سے ہی سموگ سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک لازمی پہنیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے غیرمعیاری پٹرول وڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ غیرمعیاری پٹرول وڈیزل فروخت کرنے والوں کے لئے بلاامتیاز کارروائی کرے۔ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کی بجائے سڑکوں سے مٹی کو مکمل طور پر صاف کیا جائے۔سڑکوں کو اس طرح دھویا جائے کہ مٹی پانی کے ساتھ بہہ جائے۔ سڑکوں کو دھونے کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔