بیجنگ ( پبلک نیوز) چین نے ہنگامی بنیادوں پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسکے ساتھیوں پر چین میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے سابق امریکی صدر ٹرمپ، سابق سیکرٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سمیت ان کے کئی ساتھیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، چین یہ پا بندی نئے امریکی صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کے دن عائد کی گئی۔
چین نے امریکا کی جانب سے چین کے خلاف مسلسل سخت اقدام اٹھانے اور انہیں چینی اندرونی معاملا ت میں مداخلت قرار دیتے ہوئے یہ پابندی عائد کی، ٹرمپ سمیت ان کے 28 قریبی ساتھیوں پر پابندی لگائی گئی جن میں ٹرمپ کے سابق مشیر تجارت پیٹر نوارو، قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ برائن، مشرقی ایشیا کے لیے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈیوڈ اسٹیلول، سیکرٹری صحت الیکس ایزر اور اقوام متحدہ میں امریکا کے نمائندے کیلی کرافٹ بھی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ سابق صدر ٹرمپ کے دو اہم ساتھیوں قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن اور مشیر اسٹیفن بینن پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام شخصیات اور ان کے اہل و عیال کا چین، ہانگ کانگ اور مکاو میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے، چینی حکومت کا کہنا تھا کہ ان شخصیات کی کمپنیوں سے منسلک اداروں کے بھی چین کے ساتھ کاروبار پر پابندی عائد کی گئی ہے۔