عمران خان کا کل یوم تشکر اور جشن منانے کا اعلان

عمران خان کا کل یوم تشکر اور جشن منانے کا اعلان
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کل شام کو ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ اس کامیابی کا جشن منائیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ ہر طرح کی دھمکیوں اور بدکلامیوں کے باوجود ثابت قدم رہنے اور آئین و قانون کی حکمرانی بحال کرنے پر میں سپریم کورٹ کے ججز کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ میں علی ظفر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور ضمنی انتخاب میں دھاندلی کیخلاف بڑی تعداد میں باہر نکلنے پر پنجاب کے عوام کا بھی مشکور ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ کل شام کو ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ اس کامیابی کا جشن منائیں گے جو حقیقی آزادی کی ہماری جدوجہد میں ساتھ ساتھ رہے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری رولنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قراردے دی ہے۔ عدالت نے فیصلے میں پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا اور گورنر پنجاب یا صدر مملکت کو آج رات ہی ان سے حلف لینے کا حکم دیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔