ماسکو: روسی صدر پوتن کا کہنا ہے کہ روس جوہری صلاحیت کے حامل مختصر فاصلے تک مار کرنے والا میزائل نظام آنے والے مہینوں میں اپنے اتحادی بیلاروس کو دے گا۔ صدر پوتن نے کہا کہ اسکندر-ایم نظام 'بیلسٹک اور کروز میزائل فائر کرنے صلاحیت رکھتا ہے چاہے وہ روایتی ہو یا جوہری۔'یہ سسٹمز 500 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ روسی صدر پوتن نےسینٹ پیٹرزبرگ میں بیلاروسی صدر سے ملاقات کی اس دوران ان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ روس بیلاروس کے ایس یو 25 جنگی طیاروں کو جدید بنانے میں مدد کرے گا تاکہ وہ بھی جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھیں۔ اس سے قبل روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حالات نے روسی بیلاروسی اتحاد کی ریاست کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط کرنا اور فوجیوں کی جنگی تیاریوں کو بڑھانا ضروری بنا دیا ہے۔ خیال رہے کہ صدر پوتن کے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کرنے کے فیصلے کے بعد سے روس اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔