'پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے'

'پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے'
لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق لاہور میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی،وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے۔ اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فاٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے اور اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیاجائے گا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا، گزشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا ، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے امن وامان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔