ٹماٹر، انڈوں، چینی دالوں سمیت 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی

ٹماٹر، انڈوں، چینی دالوں سمیت 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) ملک میں گذشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر، انڈوں، چینی دالوں سمیت 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ہفتہ رفتہ میں لہسن کی قیمت میں 4 اعشاریہ 94 فیصد، ٹماٹر 4 اعشاریہ 17 فیصد، انڈے 4 اعشاریہ 13 فیصد، ایل پی جی 1 اعشاریہ 89 فیصد، چینی صفر اعشاریہ 92 فیصد، گڑ ایک اعشاریہ 3 فیصد، دال چنا صفر اعشاریہ 36 فیصد اور دال مسور کی قیمت میں صفر اعشاریہ 22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری صارفین کیلئے قیمتوں کے ہفتہ وار حساس اعشاریہ (ایس پی آئی) کے مطابق 24 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں لہسن کی قیمت میں 4 اعشاریہ 94 فیصد، ٹماٹر 4 اعشاریہ 17 فیصد، انڈے 4 اعشاریہ 17 فیصد، ایل پی جی ایک اعشاریہ 59 فیصد، چینی صفر اعشاریہ بانوے فیصد، گڑ ایک اعشاریہ تین فیصد، دال چنا صفر اعشاریہ 36 فیصد اور دال مسور کی قیمت میں صفر اعشاریہ بائیس فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 8 اعشاریہ 47 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 4 اعشاریہ 59 فیصد، کیلا 4 اعشاریہ 4 فیصد، کوکنگ آئل 2 اعشاریہ 55 فیصد، آلو ایک اعشاریہ 56 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی ایک اعشاریہ 12 فیصد، دہی ایک اعشاریہ 2 فیصد، لان ایک اعشاریہ 17 فیصد اور شرٹنگ کی قیمت میں ایک اعشاریہ 3 فیصد کا اضافہ ہوا جس نے مجموعی ایس پی آئی پر صفر اعشاریہ 91 فیصد کا اثر ڈالا۔ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں سرخ مرچ پائوڈر کی قیمت میں 37 اعشاریہ 44 فیصد، دال مونگ 29 اعشاریہ 2 فیصد، انڈے 22 اعشاریہ 13 فیصد، چینی 12 اعشاریہ 27 فیصد، آلو 4 اعشاریہ 46 فیصد اور سب سے کم ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت میں صفر اعشاریہ 16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ایک اعشاریہ 24 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 17733 روپے سے لے کر 22888 روپے، 22889 روپے سے لے کر29517 روپے، 29518 روپے سے لے کر 44157 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں بالترتیب ایک اعشاریہ 31 فیصد، ایک اعشاریہ 25 فیصد، ایک اعشاریہ 23 فیصد اور صفر اعشاریہ 95 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔