عمران خان کی حکومت کو 6 دن کی مہلت

عمران خان کی حکومت کو 6 دن کی مہلت
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو 6 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کیا گیا تو میں دوبارہ اسلام آباد آ جائوں گا۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ملک کو انتشار کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ جو انہوں نے یہ حرکتیں کی ہیں، عوام پولیس سے نفرت کرے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے تو میں نے کہا تھا کہ جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیتی تب تک یہاں بیٹھوں گا لیکن گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں جو حالات پیدا کئے گئے، اس سے ڈر پیدا ہو گیا کہ ملک میں انتشار پیدا ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے آئی جی کو سزا ہونی تھی اسے یہاں تعینات کیا گیا۔ یہ کرپٹ ہیں اسی طرح چن چن کر کرپٹ افسران کو لے کر آئے ہیں۔ کس ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ پر امن احتجاج والوں پر آنسو گیس پھینکی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی اس قوم کی توہین کیا ہوگی کہ جسے سزا ہونی تھی اسے سب سے بڑے عہدے پر بٹھایا گیا، اس کے بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا دیا گیا۔ آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے، موجودہ وزیراعظم کو سزا ہونی تھی۔ قوم مجرموں کو اس ملک میں حکومت کرنے نہیں دے گی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکی سازی کے تحت امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کیا ہے۔ سب متفق ہیں کہ ہم اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ تمام لوگوں نے ہماری آزادی تحریک میں حصہ لیا۔ میں اب اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ قوم حقیقی آزادی کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی تحریک کو ناکام کرنے کے لئے ہر طرح کے حربے استعمال کئے۔ جس طرح آنسو گیس اور شیلنگ سے مقابلہ کیا سب نے دیکھا۔ یہ لوگ ہمیں ممی ڈیڈی پارٹی کہتے تھے۔ نوجوان، ضعیف اور پڑھے لکھے ہر طرح کے لوگوں کو دیکھا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں خوفزدہ کیا جاتا ہے کہ جب تک امریکہ نہ چاہے کوئی اقتدار میں نہیں آسکتا۔ ہمیں سالوں سے خوفزدہ کیا جاتا ہے۔ میں نے پہلی دفعہ دیکھا کہ قوم خوف سے آزاد ہوگئی۔ حکومت پولیس تشدد، جھوٹے کیسز اور موت سے ڈراتی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔