'9 مئی کے حملے کا مقصد پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا اور پر تشدد لہر کو جنم دینا تھا'

'9 مئی کے حملے کا مقصد پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا اور پر تشدد لہر کو جنم دینا تھا'
مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کے حملے کا مقصد پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا اور پر تشدد لہر کو جنم دینا تھا، عمران خان کو شرم آنی چاہیے، ڈوب کر مر جانا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ حملوں میں عمران خان اکیلا نہیں، 2014 سے اب تک کے سہولت کار بھی شامل تھے، کوئی پہلا حملہ نہیں تھا، یہ سوچی سمجھی سازش تھی۔ مریم نواز نے کہا کہ کل اس نے عدالت میں کہا مریم نواز اپنے باپ کا انتقام لے رہی ہے جب کہ مریم نواز نے وہ جھنڈا گرنے نہیں دیا جو نواز شریف نے اٹھایا تھا، مریم نواز نے اپنا باپ کا ساتھ دیا، ہر بیٹی کا سر فخر سے بلند کیا، مریم نواز جیل گئی اپنے باپ کے ساتھ کھڑی رہی کبھی سر پر بالٹی نہیں رکھی، بھاگی نہیں، جتنی بھی مصیبتیں آئیں گلے کا ہار سمجھ کر پہن لیا، نواز شریف اور اس کی بیٹی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان نے سوچا تھا اسمبلیاں توڑ دوں گا ، لانگ مارچ سے ملک جام کروں گا اور بازی پلٹ جائے گی لیکن ٹکر کے جو لوگ دن رات جہاد اور حقیقی آزادی لینے کا کہتے تھے، آج وہ دوڑیں لگا رہے ہیں، فواد چودھری پولیس کے چنگل سے ہی نہیں پی ٹی آئی سے بھی نکل گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے میرے لوگوں پر پریشر ہے اس لئے لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں، پریشر وہ ہوتا ہے جب باپ کے سامنے بیٹی کو جیل میں ڈالا جاتا ہے، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز ایک ہی جیل میں بند تھے، ہم آپ کے سامنے ڈھال بن کر کھڑے ہوئے ، اپنے کارکنان پر آنچ تک نہیں آنے دی۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کی فوج پر حملہ تھا، ہم نے بھی جنرل فیض اور جنرل باجوہ کے خلاف اسٹینڈ لیا تھا، نواز شریف نے کہا جنرل فیض اور جنرل باجوہ قوم آپ سے جواب مانگتی ہے۔ 9 مئی کے حملے کا مقصد پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا اور پر تشدد لہر کو جنم دینا تھا، عمران خان کو شرم آنی چاہیے، ڈوب کر مر جانا چاہیے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حملوں میں عمران خان اکیلا نہیں 2014 سے اب تک کے سہولت کار بھی شامل تھے، یہ پاکستان کیخلاف مسلح بغاوت تھی جس کا سرغنہ عمران خان ہے، یہ کوئی پہلا حملہ نہیں، یہ سوچی سمجھی سازش تھی۔ مریم نواز نے کہا کہ کتنا بد بخت ہے وہ شخص جس نے شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کو آگ لگا دی، جس نے شہدا کی یادگاروں کو آگ لگائی اس سے بڑا کوئی بد بخت نہیں ہو سکتا، کیا اتنی بڑی غداری کوئی پاکستانی کر سکتا ہے؟ کیا شہیدوں کے ساتھ ایسا سلوک قوم کو منظور ہے؟ یہ اچانگ نہیں ہوا اس کی منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا ایک کارکن بھی نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں گیا، یہ نظریہ ہوتا ہے، جب آپ کا لیڈر خود گیدڑ ہوگا تو لوگ کیسے ساتھ کھڑے ہوں گے؟ جیل جانے کے ڈر سے پلستر پہن کر بیٹھ جاتا ہے، نواز شریف نے خود فرنٹ سے لیڈ کیا تھا، لوگ گواہی بھی دے رہیں کہ 9 مئی کا ماسٹرمائنڈ عمران خان تھا، جانے والے لوگ گواہی دے رہے ہیں کہ حملہ کرنے والوں کا سرغنہ عمران خان تھا، تخریب کاری کا منصوبہ عمران خان نے بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دن ختم ، تبدیلی جہاں سے نکلی تھی وہاں واپس چلی گئی، قوم کو مبارک ہو کہ آپ کی جان اس فتنے سے چھوٹ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہتا ہے نواز شریف اور مریم نواز میرے اور آرمی کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں لیکن یہ قوم نہ تمہیں چھوڑے گی نہ تمہارے سہولت کاروں کو چھوڑے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔