(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی اور آنجہانی وزیر خارجہ امیر عبداللہ غیر معمولی رہنما اورپاکستان کے سچے دوست تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کےانتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی اور آنجہانی وزیر خارجہ امیر عبداللہ غیر معمولی رہنما اورپاکستان کے سچے دوست تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے روشنی ڈالی کہ دونوں رہنماؤں اور رفقاء کا نقصان واقعی افسوسناک اور ناقابل تلافی ہے۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے تمام آفیسرزکی جانب سے مرحوم کی روح کے لیے دعاؤں اور سوگوار خاندانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ایران کی مسلح افواج ہمیشہ ایک ساتھ کھڑی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باقری نے تعزیت کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کی ا اور دونوں فوجوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔