حملہ آوروں نے یمن کے ساحل کے قریب اسرائیل سے منسلک ایک ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آوروں نے خلیج عدن میں زوڈیاک میری ٹائم کے زیر انتظام سینٹرل پارک پر قبضہ کر لیا۔ زوڈیاک نے ایک بیان میں کہا، "ہماری ترجیح ہمارے 22 عملے کی جہاز پر حفاظت ہے۔ جہاز میں ترکی کا کپتان ،اس کے علاوہ روسی، ویتنامی، بلغاریائی، ہندوستانی، جارجیائی اور فلپائنی شہریوں کا عملہ شامل ہے جبکہ جہاز فاسفورک ایسڈ کا پورا سامان لے کر جا رہا ہے۔ زوڈیاک نے جہاز کو Clumvez Shipping Inc کی ملکیت کے طور پر بیان کیا، حالانکہ دیگر ریکارڈز نے براہ راست زوڈیاک کو مالک کے طور پر جوڑا ہے۔ لندن میں مقیم زوڈیاک میری ٹائم اسرائیلی ارب پتی ایال اوفر کے زوڈیاک گروپ کا حصہ ہے۔ اگرچہ کسی گروپ نے فوری طور پر اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی، لیکن یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں کم از کم دو دیگر بحری حملوں کا تعلق اسرائیل اور حماس کی جنگ سے ہے۔