پاکستان کوسٹ گارڈز نے ہزاروں کلوگرام منشیات، اسمگل شدہ اشیاء نذرآتش کردیں

پاکستان کوسٹ گارڈز نے ہزاروں کلوگرام منشیات، اسمگل شدہ اشیاء نذرآتش کردیں
کیپشن: Pakistan Coast Guards set fire to thousands of kilograms of drugs, smuggled goods

ویب ڈیسک: پاکستان کوسٹ گارڈز کیجانب سے ہزاروں کلوگرام منشیات اور اسمگل شدہ اشیاء نذرآتش کردی گئیں۔

ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکی جانب سے حسن شاہ مزارکے قریب ممنوعہ اسمگل اشیاء اور منشیات کے جلانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں عسکری، سول افسران، انٹرنیشنل کمیونٹی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

ترجمان کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام، منشیات کو تلف کرنا اور معاشرے میں آگاہی پھیلانا ضروری ہے۔ اسمگلنگ اور منشیات کا ناسُور کس طرح ہماری قوم اور بین الاقوامی برادری کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ہم سب کو مل کر ان کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ملک کی ایک اہم اور قابل تعریف فورس کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص اسمگلنگ منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کی طرف سے آج نذرآتش کی جانے والی اشیاء میں 1954 کلوگرام چرس، 7.55کلو گرام ہیروئن،61.5کلو گرام کرسٹل،10.13کلو گرام افیون اور1500کلوگرام بھنگ شامل ہے۔

اس کے علاوہ 29,348 کلوگرام چھالیہ،556کلوگرام چھالیہ (سپاری)،29,267پیکٹ انڈین گٹکا /نسوار،162بیگ چائنا سالٹ،4,461 اسٹیک غیرملکی سگریٹ، 1080 شراب کی بوتلیں اور 16 ٹن بیئر کین تلف کردیے گئے۔ 

بتایا گیا ہے کہ نذر آتش کی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 291 ملین ڈالر ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر سال اس تقریب کا اہتمام کرتی ہے تا کہ معاشرے میں اس ناسور کے خلاف آگاہی کو اجاگر کر سکے۔ 

پاکستان کوسٹ گارڈ اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ آئندہ بھی منشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ تن مصروف عمل رہے گی۔