لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے پی سی بی کے 36ویں چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 13 ستمبر بروز پیر کو طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشنر نے یہ فیصلہ جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ ان کی ہدایت پر مذکورہ تاریخ پر بی او جی کے اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں پی سی بی کے پیٹرن وزیراعظم عمران خان نے اسد علی خان اور رمیز راجہ کو آئندہ تین سال کے لیے بی او جی کا رکن نامزد کیا۔ بی او جی کے دیگر پانچ ارکان میں عاصم واجد جواد، عالیہ ظفر، عارف سعید اور جاوید قریشی شامل ہیں۔ یہ تمام ارکان بحیثیت آزاد رکن بی او جی کا حصہ ہیں جبکہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان بھی بی او جی میں شامل ہیں۔