بلوچستان حملے دہشت گرد چین اور پاکستان میں فاصلے پیداکرناچاہتے ہیں، شہباز شریف

بلوچستان حملے دہشت گرد چین اور پاکستان میں فاصلے پیداکرناچاہتے ہیں، شہباز شریف
کیپشن: بلوچستان حملے دہشت گرد چین اور پاکستان میں فاصلے پیداکرناچاہتے ہیں، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں مختلف مقامات پر شدت پسندوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گرد چین اور پاکستان کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘

تفصیلا ت کے مطابق منگل کو کابینہ اجلاس کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کو جو بھی وسائل درکار ہیں حکومت مہیا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان میں خلفشار پیدا کرنا ہے۔ ’دشمن کے ساتھ نہ بات چیت ہو سکتی ہے نہ ہی نرم روّیہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ جو آئین پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں اُن کے لیے بات چیت کے دروازے کُھلے ہیں۔‘

وزیراعظم نے بتایا کہ وہ بہت جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے یکجا ہونا پڑے گا، دہشت گردوں کے لیے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے حالیہ واقعات کو روکنا ضروری ہے، دہشتگردوں کے خلاف بہت مؤثر آپریشنز کئے گئے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں، دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آ پہنچا ہے، افواج پاکستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے، دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملک کر دہشتگردی کے عفریت کو ختم کریں گے، دشمنوں کو پہچان کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، آئین پاکستان پر یقین کرنے والوں کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ کہنا کہ ملک کے کس حصے کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، اس کے بجائے یہ کہنا ملکی سالمیت کے حوالے سے مناسب ہوگا کہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر فی الفور اقدامات کئے جائیں گے۔

Watch Live Public News