اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی نے ہماری معیشت کے پرخچے اڑا دیئے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر گزارہ نہیں، ستائیس ارب تیل، گیس کی امپورٹ پر چلے جاتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمسی توانائی کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ جب گیس سستی تھی تب پی ٹی آئی حکومت نے نہیں خریدی، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے، قائد اعظم سولر پارک پر ایک اینکر نے کہا کہ صرف 8 گھنٹے بجلی پیدا ہو گی، سورج آٹھ گھنٹے ہی چمکتا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی نے ہماری معیشت کے پرخچے اڑا دیئے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر گزارہ نہیں، 27 ارب تیل، گیس کی امپورٹ پر چلے جاتے ہیں، ترقی اورخوشحالی کہاں سےآئے گی؟۔اب 10 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے سولر منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاڈلے کو تیار کیا جا رہا تھا اس لیے مسلم لیگ ن کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، کہاں گئی پنجاب کی 56 کمپنیوں کا کیس؟ ثاقب نثار پنجاب کی 56 کمپنیوں کے پیچھے پڑ گئے تھے، ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چیزوں کو ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا، بہت وقت ضائع اور پلوں سے بہت پانی بہہ گیا، ماضی کی تلخیوں، ظلم کو محنت کر کے خوشیوں میں بدلیں گے۔