اسلام آباد: اکنامک آؤٹ لُک رپورٹ میں سال 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کیجانب سے معاشی اعشاریوں پر ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رواں مالی سال جولائی سے نومبر ترسیلات زر، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ، ترقیاتی اخراجات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات، گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث گزشتہ ماہ مہنگائی بڑھی۔ اکنامک آؤٹ لُک رپورٹ میں سال 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیشگوئی کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سیزن کے دوران گندم کی کاشت کیلئے ہدف سے کم رقبے پر بیجائی کی گئی، رواں سیزن گندم کی کاشت 89 لاکھ 98 ہزار ہیکٹر کیے ہدف کی بجائے 87 لاکھ 33 ہزار ہیکٹر پر ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر گزشتہ مالی سال کی نسبت 10.3 فیصد کمی کیساتھ 11 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، رواں مالی سال جولائی سے نومبر تک برآمدات، ایف بی آر ریونیو، زرعی شعبے کے قرضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بیرونی سرمایہ کاری 8.1 فیصد اضافے کیساتھ 69 کروڑ 48 لاکھ ڈالر ریکارڈ ہوئی۔