9 مئی مقدمات:پی ٹی آئی قیادت گناہ گارقرار،رپورٹ عدالت میں پیش

9 مئی مقدمات:پی ٹی آئی قیادت گناہ گارقرار،رپورٹ عدالت میں پیش
کیپشن: نومئی کےمختلف مقدمات کی تفتیش مکمل،پی ٹی آئی کیلئےنئی مشکل

ویب ڈیسک: 9 مئی کے مختلف مقدمات میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے پی ٹی آئی قیادت کو گناہ گار قرار دیدیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی جس میں تمام ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
 سرکاری اسغاثہ کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے کو آگے بڑھایا جائے۔
جے آئی ٹی کی رپورٹ میں تحریک انصاف کی قیادت کو نو مئی کے پُرتشدد واقعات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جن ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اُن میں سے اسد عمر، اعظم سواتی اور حافظ فرحت پُرتشدد واقعات میں ملوث رہے یا اُن کی ایما پر دیگر مظاہرین نے کارروائی کی۔
جے آئی ٹی نے تفتیشی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے نو مئی کو عوام کو اُکسایا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمان کے وکلا کو ہدایت کی وہ اپنے دلائل کا آغاز کریں۔ ’ پہلے آپ کہہ رہے تھے کہ تفتیش مکمل کریں اب ہو گئی ہے تو بحث کریں۔‘
وکلا نے استدعا کی کہ اُن کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پڑھ کر جواب دینے کی مہلت دی جائے۔
جج ارشد جاوید نے ملزمان کے وکلا کہا کہ ’آپ بتا دیجیے کون سی تاریخ چاہیے۔‘
عدالت نے ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے 14 جنوری تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
نو مئی 2023 کو سابق وزیرِاعظم اور تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک کے متعدد بڑے شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا تھا اور اس دوران کئی علاقوں میں پُرتشدد واقعات بھی ہوئے تھے۔

Watch Live Public News