اسلام آباد (پبلک نیوز) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 33 افراد جاں بحق، اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 837 تک جا پہنچی، 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 315 نئے کیس رپورٹ، فعال کیسز 21 ہزار 554 ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ و آپریشن سنٹر( این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں کووڈ 19 کے باعث مزید 33 افراد جاں بحق ہوگئے۔ زیادہ تر اموات پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ہوئیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران جاں بحق ہونیوالے مریضوں میں سے 16 وینٹی لیٹر پر تھے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 21554 ہے ۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 5 لاکھ 44 ہزار 406 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں 5 لاکھ78797 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سے تاحال 12837 موات ہو چکی ہیں۔ 24 گھنٹوں میں ملک بھرمیں 39086 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔