نواز شریف کو ہم نے خود بھیجا، ہماری ہی غلطی ہے

نواز شریف کو ہم نے خود بھیجا، ہماری ہی غلطی ہے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ہم نے خود باہر بھیجا، ہماری ہی غلطی ہے۔ وہ سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کر لندن چلے گئے۔ بی بی سی اردو کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم گذشتہ سالوں سے اسی کام پر ہی لگے ہوئے ہیں۔ سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کے استعفے کی وجوہات بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ان سے ناراضگی کی وجہ صرف شہباز شریف نہیں بلکہ وہ پیسے بھی واپس نہیں لا سکے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی کرپشن ہوئی۔ ملازمین کے اکائونٹس سے 4، 4 ارب روپے نکل رہے ہیں۔ صرف شہباز شریف پر سولہ ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے لیکن ہم ان کے پیسے بھی واپس نہیں لا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کیس اچھے طریقے تیار کرنے کی ضرورت ہے، اس کیلئے اچھے وکلا ہونے چاہیں۔ وزیراعظم عمران خان میں ارادے کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وہ این آر او دینا غداری سمجھتے ہیں۔ ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور وزیراعظم عمران خان ایک ہی پیج پر ہیں، دونوں میں کوئی اختلاف نہیں، دونوں کا ایک ساتھ چلنا پاکستان کے مفاد میں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چھوٹے موٹے اختلافات تو ہو سکتے ہیں۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی رائے اور سوچ میں فرق تو ہو سکتا ہے لیکن ایسا نہیں کہ وہ ایک پیج پر نہ ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں تعلقات کی خرابی اپوزیشن کی خواہش ہے، وہ ایسا کرنا چاہتی ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم احتساب اور کرپشن کے معاملے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایسے کئی ساتھیوں کو عہدوں سے فارغ کردیا جن پر کرپشن کا شک بھی تھا۔ وہ اس سے زیادہ اب اور کیا کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News