اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کےممبران کی تقرری پر کوئی لاک ڈاؤن ہے، وزیراعظم آئین کے مطابق لیڈر آف اپوزیشن سے اس معاملے پر رائےلیں گے ،ایک مضبوط الیکشن کمیشن جس پر تمام جماعتوں کااعتماد ہوپاکستان کے مفادمیں ہے، عمران خان کی جدوجہد شفاف نظام کیلئے ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین پر بھی حکومت کھلے دل سے آگے بڑھنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بڑے معاملات پر پارلیمان میں اتفاق رائے پیدا ہو سیاسی نظام کا استحکام آئین کے احترام میں پنہاں ہے، اور انتخابات،احتساب اور قومی سلامتی پر اتفاق رائے سیاسی نظام کو استحکام دے گا۔ انہوں نے ایک اور بیان میں کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کی بہادری و شجاعت نوجوانوں میں جوش و جذبہ پیدا کرتی رہے گی، مادر وطن کی خاطر اپنی جان کی قربانی دینے والے کیپٹن سرور شہید بہادری کی روشن مثال ہیں، قوم 1948 کی کشمیر جنگ میں بہادری، شجاعت کی داستاں رقم کرنے والے شہید کیپٹن محمد سرور کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔