اسلام آباد ( پبلک نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغان قیادت پر زور دے کہ وہ جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا پر امن سیاسی حل نکالیں، موثر حکومتی حکمت عملی کے باعث کرونا وبائی صورتحال دیگر ممالک کی نسبت، بہت بہتر ہے، توقع ہے کہ پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب کی جانب سے عائد ویزہ پابندیوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ پاکستان آمد پر سعودی وفد نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی قیادت میں ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے یکساں مذہبی ،ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار ،گہرے برادرانہ مراسم ہیں ،دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب اور خادمین حرمین شریفین کیلئے والہانہ عقیدت ہے، سعودی عرب کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو اپنی ترقی سے تعبیر کرتے ہیں،سعودی عرب کی علاقائی و عالمی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت قابلِ ستائش ہے، او آئی سی کنٹکٹ گروپ برائے جموں و کشمیر میں سعودی عرب کے مثبت کردار پر شکر گزار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلمان اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے،اپنی توقعات سعودی قیادت سے وابستہ کیے ہوئے ہیں، مشکل حالات میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت پر سعودی قیادت کے ممنون ہیں، دو طرفہ تعاون کیلئے سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام پر عملی اقدامات کا آغاز خوش آئند ہے، پاکستان، خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔