مجھے یقین ہے پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا: مفتاح اسماعیل

مجھے یقین ہے پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا: مفتاح اسماعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا۔ وزیراعظم بھی یہ بات جانتے ہیں کہ ہم ڈیفالٹ نہیں کریں گے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے یہ بات تھنک ٹینک ’تبادلیب‘ سے گفتگو کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان کو زرمبادلہ کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود قرضوں کی واپسی کے حوالے سے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ یا خطرہ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی پاکستان میں امریکی ڈالر کی ترسیل میں اضافہ ہونا شروع ہو جائے گا۔ انڈپینڈنٹ اردو میں شائع خبر کے مطابق پاکستانی روپیہ ریکارڈ ترین سطح تک گر چکا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر صرف 9 اعشاریہ .32 ارب ڈالرز رہ گئے ہیں جو کہ محض ڈیڑھ ماہ کی ایکسپورٹس کو پورا کرنے کے لئے بمشکل کافی ہیں۔ پاکستان اپنی معیشت کو سنبھالنے کے لئے شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین کے ساتھ یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان اس وقت دیوالیہ ہونے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ہم ڈیفالٹ نہیں کرینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور گورنر سٹیٹ بینک بھی یہ بات اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ ان کا گفتگو کے دوران دعویٰ تھا کہ آئندہ صرف دو ہفتوں کے اندر اندر ملکی معیشت درست ہونا شروع ہو جائے گی۔ پاکستان میں باہر سے ڈالروں کی آمد سے روپے پر حالیہ دبائو کا خاتمہ ہو جائے گا۔ مفتاح اسماعیل نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا پاکستان نے ایک دوست ملک سے درخواست کی تھی کہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے ہماری مدد کی جائے لیکن اس نے اسے یکسر مسترد کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوست ملک نے کہا کہ اب ہم آپ کو قرض نہیں دے سکتے کیونکہ ماضی میں آپ نے کبھی قرض کو واپس ہی نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سٹاک مارکیٹ کے حصص میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس میں مشکل یہ ہے کہ پاکستان کا کسی دوسرے ملک کو اپنے شئیرز فروخت کرنے کا کوئی قانونی راستہ موجود نہیں ہے۔ اس حوالے سے کوئی قانون سازی کی جائے گی یا کوشش کریں گے کہ آرڈیننس لے آیا جائے۔ لیکن وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کے لیے اپنے حصص کسی دوسری حکومت کو فروخت کرنے کا کوئی قانونی راستہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب امید ہے کہ ہم اس حوالے سے قانون سازی یا آرڈیننس لے کر آئیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔