نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے بجلی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں سات روپے 90 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستانی شہریوں پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا. سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ مئی 2022ء میں بجلی کی پیداواری لاگت 13 روپے 89 پیسے جبکہ فیول کی لاگت 5 روپے 93 پیسے فی یونٹ رہی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ امپورٹ کئے گئے فیول کی قیمتیں زائد ہونے کی وجہ سے الیکٹرک سٹی کی پیداواری لاگت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایل این جی سے بجلی کا ایک یونٹ 27 روپے، ڈیزل سے 30 روپے اور فرنس آئل سے 33 روپے میں پڑا۔ نیپرا میں سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر آئل کی قیمتوں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ آئندہ ماہ جولائی میں بیالیس ڈالرز قیمت پر ایل این جی کارگو مل رہے ہیں، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر ان کی خریداری ناممکن ہے۔ چیئرمین نیپرا کا سماعت کے موقع پر سی پی پی اے حکام سے کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا واسطہ ہے کہ اب درآمدی فیول پر پلانٹس نہ لگائیں۔ بجلی بنانے پر مہنگی والی اور بجلی نہ بنانے پر لوڈشیڈنگ کی صورتحال ہے۔