اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے، گزشتہ حکومت نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے ارکان قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، شمسی پروگرام کے حوالے سے پروگرام جلد لے کر آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ براہ راست ٹیکس انقلابی قدم ہے، صاحب ثروت افراد سے 200ارب سے زائد جمع ہونے کی توقع ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان دیوالیہ پن ہونے سے نکل چکا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد ہونے والا ہے، آئی ایم ایف نے کڑی شرائط رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کو رفاعی ریاست دیکھنا چاہتے تھے،تبدیلی اور نئے پاکستان کی بات کرنے والی سابقہ حکومت یہ اقدامات نہیں کر سکی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ ملک میں خوردنی تیل کی کوئی کمی نہیں ہے، پچھلی حکومت کو 3ڈالر میں گیس مل رہی تھی لیکن نہیں خریدی، گزشتہ حکومت نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ دنیا میں کوئلہ بہت مہنگا ہوچکا ہے، کوئلے کی امپورٹ پر اربوں ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جولائی سے کوئلہ افغانستان سے درآمد کرنا شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشکول کا زمانہ اب ختم ہوجانا چاہئے، ان 14 مہینوں میں اتحادی حکومت ضرور تبدیلی لے کر آئے گی۔