حکومت کے نوٹس لیتے ہی چینی کی قیمت 120 پر جا پہنچی

حکومت کے نوٹس لیتے ہی چینی کی قیمت 120 پر جا پہنچی

لاہور(پبلک نیوز) پنجاب حکومت نے شوگر سپلائی چین مینجمنٹ آرڈر جاری کر دیا، آڈر جاری ہوتے ہی شہر لاہور میں چینی غائب ہو گئی اور چینی کی قیمت 120 روپے کلو تک پہنچ گئی۔

حکومتی آڈر کے تحت چینی کا کاروبار کرنے والوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ خوراک نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت صرف رجسٹرڈ ڈیلر اور ہول سیلر ہی چینی کی خریدو فروخت کر سکیں گے اور شوگر ملوں اور ڈیلروں کے گوداموں کی رجسٹریشن ہو گی۔

مینجمنٹ آرڈر کے مطابق چینی کی قلت ہونے پر کین کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی فروخت کا مکمل اختیار ہو گ۔ اسٹاک کم ہو نے کی صورت میں ڈپٹی کمشنرز کو آگاہ کرنا لازم ہو گا۔ فیکٹریاں غیر رجسٹرڈ ڈیلر، ہول سیلرز اور بروکر کو چینی فروخت نہیں کرسکیں گی۔

کمشنر لاہور کو اکبری منڈی تاجران نے چینی کی عدم دستیابی سے آگاہ کر دیا۔

لاہور میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے پر کمشنر لاہور نے فوری ایکشن لیا جس کے بعد چینی اکبری منڈی پہنچا دی ۔ کمشنر لاہور کی ہدایت پر چینی ہنگامی بنیادوں پر پتوکی سے اٹھا کر اکبری منڈی پہنچائی گئی۔

کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ لاہور میں چینی کی قلت کو رپورٹ کرنے کے لیے نمبر بھی جاری کر دیے ہیں۔ شکایت 04299210630 یا 03070002345 پر درج کروائی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قلت کے حوالے سے آنے والی شکایات کا ازخود ازالہ کروں گا، اکبری منڈی ہو یا کوئی چھوٹی دوکان، چینی کی قلت کسی بھی جگہ نہیں ہونی ہونی چاہیے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔