ویب ڈیسک: احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواست منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی کے وکلاء عثمان ریاض گل، ظہیر عباس چوہدری اور سلمان صفدر پیش ہوئے ۔
نیب ٹیم کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز، عرفان بھولا عدالت پیش ہوئے۔
وکلاء صفائی نے نیب کے مزید 3 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کرلی۔مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ 27 پر جرح مکمل کر لی گئی۔آئندہ سماعت پر نیب کے مزید تین گواہان کو بیانات قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا گیا۔
بشری بی بی کے وکلاء کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی۔
پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے اس لیے درخواست نہیں بنتی،چیئرمین نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے جاتے ہیں، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں بشری بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں،31 اکتوبر 2023 کو بھی کہا تھا کہ بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔
بشری بی بی کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست پر سلمان صفدر نے دلائل دیئے۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
بعد ازاں عدالت نے مختصر وقفے کے بعد بشری بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ ضمانت منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کو رہا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ عدت میں نکاح کیس میں سزا کاٹ رہی ہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی۔