’’عمران خان کشکول اٹھائے دنیا میں گھوم رہے ہیں‘‘

’’عمران خان کشکول اٹھائے دنیا میں گھوم رہے ہیں‘‘
کراچی ( پبلک نیوز ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان قرضوں پر ملکی معیشت چلاکر آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں، سخت شرائط پر قرضے لے کر معیشت چلانے کا تجربہ آئندہ حکومتوں کیلئے بھی مسائل پیدا کرے گا، عمران خان کشکول اٹھائے واشنگٹن، ریاض، دبئی اور بیجنگ گھومتے رہے اور ملکی وقار خاک میں ملادیا، پاکستان کے فیصلے عمران خان نے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں۔پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف اس سال عمران خان 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکے ہیں، عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر سے بڑھ کر 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 116 ارب ڈالر ہوچکے ہیں، اگر عمران خان اسی رفتار سے قرض لیتے رہے تو قوم کو مستقبل میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے بچے بچے کو قرض کی دلدل میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی ہے، اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا، وزیراعظم صاحب! معاشی ترقی کے دعوے کرنے سے قبل ایک تنخواہ دار عام آدمی کے گھر کے حالات کی خبر لیں جہاں مہنگائی نے قیامت ڈھادی ہے۔

Watch Live Public News