پیٹرول مہنگا کرنے پر عمران خان کا شدید ردعمل

پیٹرول مہنگا کرنے پر عمران خان کا شدید ردعمل
سابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے امپورٹڈ سرکار کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کرنا شروع کر دی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد یا 30 روپے فی لیٹر اضافہ، ہماری تاریخ کا سب سے بڑا یکمشت اضافہ ہے۔ عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس کے ساتھ ہی قوم نے امپورٹڈ سرکار کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کرنا شروع کر دی ہے۔ نااہل اور بے حس حکومت نے 30 فیصد سستے تیل کی خریداری کیلئے روس سے ہمارا سودا حاصل نہیں کیا۔ https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1529903236291100672?s=20&t=k8p-QRWmdhPZZCxuHou0Hg ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس امریکہ کے سٹریٹیجک شراکت دار بھارت نے روس سے سستا تیل خرید کر ایندھن کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر کمی کی ہے۔ ہماری قوم اب مجرموں کے اس گروہ کے ہاتھوں مہنگائی کا ایک بڑا طوفان بھگتے گی۔ یہ بھی پڑھیں: مہنگا پیٹرول افورڈ نہ کرنے والوں کیلئے ریلیف کا فیصلہ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول مہنگا افورڈ نہ کرنے والے غریب عوام کیلئے بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج وہ بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اس بات کی تصدیق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ضرور بحال ہوگا۔ ہم پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ غریب عوام کے لئے پیکج کا اعلان آج وزیر اعظم کریں گے۔ تحریک انصاف نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کئے اس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل مہنگا نہیں کریں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فی لیٹر پیٹرول پر 30 روپے اضافہ زیادہ اور اس سے ملک میں مہنگائی بھی بڑھے گی، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ کسی حکمران کیلئے ایسا مشکل فیصلہ لینا آسان نہیں ہوتا جب آپ کے مخالفین ملک میں افراتفری بھی پھیلا رہے ہوں لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے یہ فیصلہ کیا۔ اس ہمیں سیاسی نقصان بھی ہوگا لیکن اس کے ازالے کیلئے ہمیں جو بھی قربانی دینا پڑی ہم دیں گے۔ یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرول 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان خیال رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے گذشتہ روز اس معاملے پر اہم پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو فکس کیا، عوام پر کسی بھی قسم کا بوجھ ڈالنا ہمارے لیے مشکل فیصلہ تھا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پیٹرول کی قیمت بڑھانے تک ریلیف سے انکار کیا ہے، عمران خان کے فارمولا پر جاؤں تو پیٹرول205روپے لیٹر ہو جائے گا، پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے روپے کو استحکام ملے گا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے تھوڑی سی مہنگائی بڑھتی ہے، جیسےہی روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا قیمتیں نیچے آئیں گی،ہم سمجھتے ہیں فیصلے سے ہماری سیاست کو نقصان پہنچے گا، حکومت پاکستان نےیہ مثبت قدم اٹھایاہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی نئی قیمت 174 روپے 15 پیسے جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 179 روپے 86 پیسے ہو جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یہ مشکل فیصلہ لیا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔