کے الیکٹرک صارفین کیلئے بری خبر ، بجلی 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ مہنگی

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بری خبر ، بجلی 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ مہنگی
کراچی : نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافے کا اطلاق صرف جون کے ماہ کے بلوں پر ہوگا، ٹیرف میں اضافے کا طلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے ٹیرف میں 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ ادھر کے الیکٹرک نے شہر قائد میں بدترین لوڈ شیڈنگ کرنے کا پلان بنا لیا ہے، پہلی بار رہائشی علاقوں کے ساتھ صنعتوں کو بھی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ برادشت کرنی پڑے گی۔ ذرائع کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیرف ڈیفرنشنل کلیم کی مد میں اربوں روپے لینے ہیں ۔ کے الیکٹرک نے وفاقی حکومت سے ادائیگیوں حوالے سے سندھ صوبائی حکومت سے بھی مدد کی درخواست دی۔ کے الیکٹرک نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو مکتوب ارسال کردیا۔ ذرائع کے الیکٹرک کےمطابق شہر میں اس وقت 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ،جس میں 5 گھنٹے مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ شہر میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے سے صنعتی اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہونگی اور امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ۔ کے الیکٹرک کو 25 ارب روپے ٹیرف ڈیفرنشنل وصول کرنا ہے۔ کے الیکٹرک نے اس حوالے سے وفاقی وزارت توانائی کو بھی مکتوب ارسال کیئے ہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹیرف ڈیفرنشل کی رقم فوری ادا نہ کی گئی تو پی ایس او اور سوئی سدرن کو ادائیگیاں کرنا مشکل ہوجائے گا۔ٹیرف ڈیفرنشل کلیم 3 روپے فی کلواٹ سے بڑھ کر 12 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ سوئی سدرن کو ادائیگی نہ کی گئی تو وہ گیس سپلائی بند کر سکتا ہے، جس سے مزید 500 میگاواٹ بجلی کی قلت ہوجائے گی۔ ذرائع کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے ہوں یا صنعتی علاقے سب میں لوڈ شیڈنگ ہوگی ۔ سوئی سدرن عدالتی فیصلے کے منافی مقامی گیس کے بجائے آر ایل این جی فراہم کررہی ہے۔آر ایل این جی مقامی گیس کے مقابلے 5 گنا مہنگی ہے۔ جس سے صارفین پر مالی بوجھ میں اضافہ ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔