'عمران خان صدیوں تک دوبارہ اسلام آباد نہیں آسکتے'

'عمران خان صدیوں تک دوبارہ اسلام آباد نہیں آسکتے'
اسلام آباد: فاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن کا اعلان حکومت کی مدت پوری ہونے پر کیا جائے گا، 6 دن کا الٹی میٹم نہ دیں، آپ 6 صدیوں تک دوبارہ اسلام آباد نہیں آ سکتے۔ مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ ہم ناکام واپس آئے اور عوام نے ہمیں مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان کا یہ کہنا کہ وہ تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے یہ ان کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل عمران خان کی تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی جو ان کے کارکنوں، ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں کے گھروں سے برآمد ہوئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کا انکشاف کیا تھا کہ یہ خونی انقلاب کی تیاری کر رہے ہیں لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف جب عدلیہ بحالی کے لئے نکلے تھے وہ اسلحہ لیکر نہیں نکلے تھے، جب نواز شریف نکلے تو عوام خود بخود باہر آگئے اورعوامی انقلاب ایسا ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو مانیٹر کر رہے تھے، اسلام آباد ایف ایٹ داخل ہونے کے بعد 5 مرتبہ رکے اور آوازیں لگاتے رہے کہ پہنچو لیکن لوگ نہیں آئے۔ وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کئے اور پٹرول کی قیمتیں ہر ماہ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا جس کی وجہ سے آج ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے اور نہ چاہتے ہوئے بھی پٹرول کی قیمت بڑھانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد تمام رکاوٹیں دور ہو گئی تھیں لیکن اس کے باوجود آپ ناکام ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس کوئی ربڑ کی گولی تک نہیں تھی اور تمام اہلکار غیر مسلح تھے جن پر آپ کے لوگوں نے تشدد کیا۔ مریم اورنگیز یب کا کہنا تھا کہ آپ تارکین وطن سے چندے منگوا کر کھاتے رہے ہم ان میں سے نہیں اور آج آپ جھوٹ بول رہے ہیں کہ تارکین وطن کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نے نہ صرف تارکین وطن کے ووٹ کا حق محفوظ کیا ہے بلکہ ایک قدم آگے بڑھ کر انہیں نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا طریقہ کار الیکشن کمیشن طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وہ وزیراعظم ہیں جو دن رات کام کرتے ہیں، اب پہلے والا وزیراعظم نہیں جسے ٹی وی دیکھ کر ڈالر کی قدر بڑھنے کا پتہ چلتا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو جلسہ نہیں کر سکا وہ لانگ مارچ کیا کرے گا، انقلاب کے پہلے دن عمران خان ہیلی کاپٹر پر معلق رہے اور اگلے دن کنٹینر پر چڑھ کر آئے اور بھاگ گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تیاری خونی لانگ مارچ کی تھی، خیبرپختونخوا اور وفاق کی پولیس کو آمنے سامنے لایا گیا، عوام نے ٹی وی سکرینز پر مناظر دیکھے کہ کس طرح مارچ کے شرکاء اسلحہ اٹھائے ہوئے تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔