سعودی عرب ادھار تیل دینے کیلئے تیار

سعودی عرب ادھار تیل دینے کیلئے تیار
اسلام آباد: (پبلک نیوز) وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے پیٹرولیم مصنوعات ادھار پر لینے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری اکنامک ڈویژن کی جانب سے بھجوائی گئی سرکولیشن سمری پر دی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کیلئے سعودی عرب کیساتھ کئے گئے معاہدے کے متن کے مطابق پاکستان کو ماہانہ بنیادوں پر 100 ملین ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا جائے گا۔ تاہم ادائیگیوں کیساتھ تین اعشاریہ آٹھ فیصد کا مارجن واپسی کی صورت میں دینا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تیل کا یہ معاہدہ ایک سال کیلئے کیا گیا ہے تاہم بعد ازاں اسے توسیع بھی دی جا سکے گی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو، سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ نے اس معاہدے کے ڈرافٹ پر اتفاق کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو ادھار پر پیٹرولیم مصنوعات دینے کا وعدہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے دوران کیا تھا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے انھیں یقین دہانی کرائی تھی کہ ابتدائی طور پر ایک سال تک پاکستان کو تیل کی مصنوعات ادھار پر دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اس بتایا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو تین ارب ڈالر کے سپورٹ فنڈ کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ رقم سٹیٹ بینک میں جمع کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ بھی فراہم کرے گا۔

Watch Live Public News