وزیراطلاعات شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد سامنے لے آئے

وزیراطلاعات شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد سامنے لے آئے
کیپشن: وزیراطلاعات شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد سامنے لے آئے

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ احتجاج کے نام پر خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔

وزیر اطلاعات کا اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں، فوٹیج میں جدید اسلحے سے لیس نقاب پوش افراد آنسو گیس کے شیل چلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا سوال یہ ہے کہ کیا آنسو گیس چلانے والی گن مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہے، ان مظاہرین کے پاس جدید اسلحہ کہاں سے آتا ہے؟

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، شرپسندوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام تر تفصیلات حاصل کرلی ہیں اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیر اطلاعات نے آج صبح گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب انھوں نے ریڈ زون کو کراس کرنے کی کوشش کی تو پھر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، ریاست پر حملہ نہیں کیا جا سکتا ، ہم نے گرفتاری کی کوشش کی تو یہ فرار ہو گئے ،  سیاسی ورکر جب فائنل کال کا فیصلہ کرتا ہے تو پھر بھاگتا نہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ  علی امین گنڈا پور کہہ رہے ہیں کہ دھرنا جاری ہے خالی سڑک پر دھرنا کیسے ہوتا ہے ؟ ، بشریٰ بی بی لاشیں لینے آئی تھی ، وہ کوئی پڑھی لکھی خاتون نہیں ، انھیں کرک پر توجہ دینی چائیے صوبے کی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال دیکھنی چائیے ۔

انہوں نے کہا کہ  یہاں پر کوئی سیدھی فائرنگ نہیں کی گئی، یہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں چلا رہے ہیں،فورسز کو فائرنگ کی کوئی اجازت دی ہی نہیں گئی تھی۔

وزیر اعطلاعات کا کہنا تھا کہ  پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کیے گئے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر بیرسٹر گوہر کو آگاہ کیا گیا کہ یہ احتجاج غیر قانونی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پی ٹی آئی کے ساتھ افغان باشندے اور دہشتگرد موجود تھے،ہم نے 37 افغانی باشندوں کو گرفتار کیا ہے ،پی ٹی آئی سے مستقبل میں بھی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

Watch Live Public News