ویب ڈیسک:(محمد شکیل) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا جس میں کئی کھلاڑیوں کی تنزلی ہوئی ہے، بابر اعظم اور محمد رضوان اے کیٹگری میں برقرار ہیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی اے سے بی کیٹگری میں تنزلی جبکہ سرفراز احمد اور فخرزمان سینٹرل کنٹریکٹ پانے میں ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے 2024-25 کے بین الاقوامی سیزن کے لیے 25 قومی کرکٹرز کو ایک سال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دے دیا، 5 کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگریز میں اکھاڑ پچھاڑ بھی کی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری اے میں سابق کپتان بابراعظم اور محمد رضوان جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی تنزلی ہوئی ہے، سابق کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
فخرزمان اور سرفراز احمد کو سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ کردیا گیا جبکہ نعمان علی اور ساجد خان کو سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا ، نعمان علی اور ساجد خان کو سی کیٹیگری دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق شاداب خان، عبداللہ شفیق، سلمان آغا اور سعود شکیل، حارث رؤف، صائم ایوب، ابراراحمد سی کیٹگری کا حصہ بن گئے۔
اسی طرح عامرجمال، وسیم جونیئر، محمدہریرہ، میرحمزہ ڈی کیٹگری میں شامل ہیں جبکہ خرم شہزاد، محمد علی،عثمان خان،عرفان نیازی، حسیب اللہ خان، عباس آفریدی، کامران غلام بھی ڈی کیٹگری کا حصہ بن گئے۔
محمد نواز، عماد وسیم، فہیم اشرف افتخار احمد اور احسان اللہ کو بھی سنٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا، طیب طاہر شاہنواز دھانی، محمد حارث اور زمان خان بھی کنٹریکٹس سے محروم ہوگئے، ارشد اقبال، حسن علی، اسامہ میر اور امام الحق بھی کنٹریکٹس حاصل نہ کر سکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 5 ماہ کی تاخیر کے بعد کھلاڑیوں کیلئے ایک سال کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے، جو یکم جولائی 2024 سے لاگو ہوں گے۔
بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا ہے تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
پہلی بار جن 5 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے ہیں ان میں خرم شہزاد، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد عرفان خان اور عثمان خان شامل ہے۔