ویب ڈیسک:بھارتی ریاست اتر پردیش میں جم ٹرینر نے بالی وڈ اسٹار اجے دیوگن کی فلم ’دریشم‘ سے متاثر ہو کر اپنی خاتون دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق وشال سونی نامی جم ٹرینر نے 32 سالہ خاتون ایکتا گپتا کو قتل کرنے کے بعد لاش کانپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم) کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب دفن کر دی تاکہ پولیس سراغ نہ لگا سکے,وشال سونی کو اس سے قبل پولیس نے اسی کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا جب مقتول کے شوہر راہول گپتا نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔
پولیس کے مطابق وشال سونی اور ایکتا گپتا کے درمیان تعلقات تھے، مقتولہ نے ملزم کی دوسری خاتون سے دوستی کی مخالفت کی تھی۔ 24 جون کو ایکتا گپتا جم پہنچیں اور دونوں میں اس معاملے پر بحث ہوئی تھی۔
جھگڑے کے دوران وشال سونی نے ایکتا گپتا کو گھونسا مارا تھا اور وہ بے ہوش ہوگئی تھیں، بعدازاں ملزم نے اسے قتل کرنے کے بعد لاش کو کانپور کے پوش علاقے مں دفن کر دیا تھا۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم کو فلم ’دریشم‘ دیکھنے کے بعد مقتولہ کو دفنانے کا خیال آیا, پولیس نے ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور اس کی نشاندہی پر خاتون کی لاش برآمد کی جسے اہل خانہ نے شناخت کیا۔
سوشل میڈیا پرسی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں قتل سے قبل خاتون کو اتر پردیش کے کانپور کے ایک جم میں اس دن دکھایا گیا ہے، وہ سرخ رنگ کی ٹی شرٹ اور کالی پینٹ پہنے ہوئی ہے۔