وزیر اعظم  کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر اعظم  کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

(ویب ڈیسک )   وزیر اعظم  شہباز شریف اور سعودی ولی عہد ، وزیر اعظم محمد بن سلمان کے درمیان فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو  فورم کے موقع پر دو طرفہ ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر اعظم  شہباز شریف نے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو  کے 8ویں ایڈیشن کے موقع پر سعودی ولی عہد   محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر  وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔  

فیوچر انوسٹمینٹ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے مضبوط پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ 

  وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا  اور اس دورے کے دوران دستخط کردہ  مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کی بنیاد پر پاک سعودی معاشی شراکت کا احاطہ کیا۔ 

 دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری   اسرائیلی جارحیت  پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔  

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات اس امر کی عکاس ہے۔

Watch Live Public News