ویب ڈیسک:کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مرکزی ملزم بلوچستان فرار ہو گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق پولیس کا کہناہےکہ بوٹ بیسن کی حدود میں شہری پر تشدد کا واقعہ 19 فروری کی رات تین بجے پیش آیا، تشدد میں شہری شاہ زین مری ملوث نکلا جس کے 4سکیورٹی گارڈز گرفتار ہوئے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 کلاشنکوف برآمد ہوئیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہناہے کہ برآمد کئے گئے اسلحہ کی جانچ کی جارہی ہےکہ اسلحہ لائسنس یافتہ تھے یا غیر قانونی، گرفتار گارڈز کی شناخت، غوث بخش ۔جلاد خان، علی زین اور حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار گارڈذ شاہ زین مری کے ذاتی محافظ ہیں۔
ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرکزی ملزم شاہ زین مری کوئٹہ فرار ہو گیا ہے، تشدد میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تشدد میں ملوث ملزمان کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا۔ساؤتھ پولیس کا کہناہےکہ پولیس نے شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت سے رابطہ کر لیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی کلفٹن کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس مقدمے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس افسران مدعی مقدمہ سے رابطے میں ہیں، انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔