ویب ڈیسک: پاکستان میں شہریوں کو بھیڑبکریاں سمجھ کر کاٹا جارہا ہے۔ جن لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے انہوں نے سرعام قتل کیا۔ جنازہی لیکر جانے والوں سے لاشیں چھین لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی بابر اعوان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک ایسی ریاست ہے جس میں شہریوں کو بھیڑ بکریاں سمجھ کر کاٹا جارہا ہے۔ شہریوں کو اسلام آباد میں داخلے سے محروم کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہارے ہوئے لشکر کی حکومت کو بٹھایا گیا اور انہوں نے ماڈل ٹاؤن اور اسلام آباد جیسے واقعات کیے۔ جن لوگوں کو بٹھایا گیا ان لوگوں نے سرعام قتل کیے۔ جنازہ لے کر جانے والوں سے لاشیں چھین لی گئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ بار کونسل کی حمایت کرتا ہوں، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔ خون کو چھپایا نہیں جا سکتا، یہ لوگ اللہ کی عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔ عدالتیں لوگوں کے اغواء کو روکتی تو آج قتل تک بات نہ پہنچتی۔ سب ناکام ہو چکے ہیں، سب بے آبرو ہو چکے ہیں، ایک شخص سب کی آبرو کے لیے کھڑا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اس شخص نے کال دی تو دوبارہ اسلام آباد کی جانب رخ کریں گے۔ احتجاج شہریوں کا بنیادی حق ہے، پاکستان کے آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ شہداء کی تعداد بلوچستان کے چھوٹے صوبوں سے اور خیبر پختونخواہ سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گولیاں چلانے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے، وکلاء کے تمام گروپس متفق ہیں کہ آئین کا راج ہو گا۔ 36 سال مارشل لاء نے قائداعظم کا پاکستان ٹور دیا ہے۔ آج ہم نے بریت کی درخواست دائر کی ہے اس کا فیصلہ پہلے ہوگا۔