پونا(ویب ڈیسک) عمومی طور پر سامنے آتا ہے کہ لڑکیاں یا خواتین شادی کا جھانسہ دے کر مردوں کو لوٹ لیتی ہیں۔ مگر یہاں معاملہ الٹ ہو گیا۔ شادی کے جھانسے میں درجنوں لڑکیاں اور ادھیر عمر خواتین لٹ گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چنائی سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ پریم راج تھیوراج نے جعلی شادیاں کر کے متعدد لڑکیوں اور خواتین کو کنگال کر دیا۔ اس طریقہ واردات یوں تھا کہ پہلے اپنی محبت کا پھینک کر ان کو ورغلاتا، بعد ازان جعلی شادی کرتا اور پھر متعلقہ لڑکی یا خاتون کی جمع پونجی لے کر نو دو گیارہ ہو جاتا۔ پریم راج پُونے اور پمپری چنچواڑ سمیت کئی ریاستوں سے تعلق رکھنے والی متعدد لڑکیوں اور ادھیڑ عمر خواتین کو اپنی جھوٹی اور دکھاوے کی محبت کے جال میں پھنساتا رہا اور لاکھوں روپے کا چونا لگاتا رہا۔ جس طرح پریم فلمی انداز میں لڑکیوں کو پھنساتا تھا پولیس نے بھی اس کو فلمی انداز میں دھرا۔ وہ میٹرو منی ویب سائٹ سے لڑکیوں کو تلاش کرتا، ان سے جان پہچان بڑھاتا، جس کے بعد شادی کی بات چھیڑتا اور اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتا۔ ایسے ہی ایک خاتون سے رابطہ کے دوران اس نے خود کو ریلوے کنٹریکٹر بتایا۔ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے حکومت کی جانب سے بل نہ ملنے کا بہانا بنایا، اور ملازمین کو تنخواہ کے بہانے خاتون سے 12 لاکھ روپے لے لیے۔ پولیس کے مطابق بعد ازاں چنائی بلا کر خاتون سے جعلی شادی کی اور پہلے والے بارہ لاکھ کے علاوہ مزید 80 لاکھ روپے بینک سے قرض لینے کے لیے کہا۔ جب خاتون نے انکار کیا تو وہ دھمکیاں دینے لگا۔ اس دوران ایک اور خاتون نے جب اس سے رابطہ کیا تو وہ بھی لاکھوں روپے لٹا بیٹھی۔ دونوں خواتین کی شکایت پر پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو پکڑنے کے لیے جال بچھایا۔ پولیس نے خاتون کے ذریعہ ملزم کو چنائی سے پونے بلایا جہاں اس کو ایئرپورٹ سے باہر آتے ہی دھر لیا گیا۔ ملزم نے ایک سے 14 لاکھ روپے اور ایک سے 98 لاکھ روپے اینٹھے۔ اس کے علاوہ چھوٹی چھوٹی کتنی رقوم دھوکہ دہی سے حاصل کیں۔ ملزم سے 7 موبائل فونز، 13 سم کارڈ، 4 اے ٹی ایم کارڈ، 2 پین کارڈ، 2 آدھار کارڈ اور 2 ڈرائیونگ لائسنس برآمد ہوئے۔