پاکستان اور ایران سرحدی خطے میں دہشت گردوں کو تیسرے ملک کی مدد حاصل ہے: ایران

پاکستان اور ایران سرحدی خطے میں دہشت گردوں کو تیسرے ملک کی مدد حاصل ہے: ایران
کیپشن: پاکستان اور ایران سرحدی خطے میں دہشت گردوں کو تیسرے ملک کی مدد حاصل ہے: ایران

ویب ڈیسک: ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان اور ایران کے مشترکہ سرحدی خطے اور ایرانی اور پاکستانی علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں جنہیں تیسرے ملک کی مدد و قیادت حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اُن کا ملک پاکستان کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملک ایک دوسرے کی سرحدی اور علاقائی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔

مہمان وزیر خارجہ نے کہا کہ  وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ’ ایران اور پاکستان دہشت گردوں کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری سکیورٹی کو خطرے سے دوچار کریں۔‘

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایرانی صدر کے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس سے قبل نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان دوست ہمسایہ ملک ہیں، ایران سے دیرینہ ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں، مضبوط تعلقات دونوں ممالک کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔

 وزیر خارجہ  جیلانی نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے اور اس کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔ اس پر دونوں ملکوں کی جانب سے اتفاق کیا گیا ہے۔