لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خواتین سے بدسلوکی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے ، خواتین سے بدسلوکی سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا ہے ، جناح ہاؤس واقعہ میں ملوث کسی شخص کو رہا نہیں کیا گیا ، حملے میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑ رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ کی شناخت پریڈ چل رہی ہے، جناح ہاؤس پر حملے والے کا جتنا مرضی اثرورسوخ ہو، نہیں چھوٹے گا وہ ، حملے کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔ نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جیل میں خواتین سے بدسلوکی جیسے واقعات تاریخ میں نہیں ہوئے ہیں ، کسی پولیس والے نے غیر اخلاقی حرکت کی تو سزا دیں گے، ابھی تک سابق وزیر اعظم عمران خان کی نظربندی کا فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بھی 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس جیلوں میں قید خواتین کو قانون کے مطابق شائستگی سے ڈیل کر رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔