لاہور ( پبلک نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر منی بجٹ لانے کی اطلاع قومی سلامتی کے لیے خطرے کی گھنٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بار بار خبردار کرچکا ہوں کہ یہ حکومت پاکستان کی معاشی خودمختاری کے خلاف سازش ثابت ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک اور جی ایس ٹی سے متعلق قانون سازی پاکستان کو آئی ایم ایف کا معاشی غلام اور گورنر کو آئی ایم ایف کا وائسرائے بنا دے گی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا منی بجٹ مہنگائی سے بدحال قوم کے لئے موت کا پروانہ ہے۔ مزید پٹرول بجلی گیس مہنگی ہوگی۔ قوم کا زندگی گزارنا مزید ناممکن ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منی بجٹ لانے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں۔ حکومت کی اتحادی جماعتوں کو قومی مفاد میں منی بجٹ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔ منی بجٹ منظور ہونے کا مطلب پاکستان اور عوام کے مستقبل پر غلامی کی مہر لگانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام دشمن حکومتی منی بجٹ اور قانون سازی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حکومت کا راستہ روکیں گے۔