لندن (پبلک نیوز) انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آئن واٹمور نے دورہ پاکستان پر خاموشی توڑ دی ، واٹمور نے دی ٹیلی گراف کو انٹرویو کے دوران دورہ منسوخی پر معافی مانگ لی۔
آئن واٹمور کا کہنا تھا کہ ہمارے فیصلے سے کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی، معافی مانگتاہوں، پاکستان کرکٹ بورڈ کےپھر سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، 2022 میں پاکستان کے ساتھ سیریزپرغور کررہےہیں. انہوں نے کہا کہ بورڈ نے سیزن کی مصروفیات کی وجہ سے ذہنی تندرستی کے لیے فیصلہ کیا جو کہ بہت مشکل تھا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے، پاکستانی کرکٹ کیخلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی۔واضح رہے کہ 17ستمبر کو نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان ختم کرنے کے اعلان کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی کچھ روز بعد پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
دونوں ٹیموں کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے پر کرکٹ شائقین اور مایہ ناز کرکٹرز نے فیصلے کو نااںصافی قرار دیا تھا جبکہ سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔