مظفر آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا اہم اور فیصلہ کن وقت ہے، تیاری مکمل کر رہا ہوں، قوم کو جلد کال دینے والا ہوں، چوروں کو قبول نہیں کریں گے۔ مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کے لئے لوگ آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیر کے لوگ پوچھتے ہیں کہ پاکستان ہماری قربانیاں ضائع تو نہیں ہونے دے گا تو میں ان کو کہتا ہوں کہ جب تک عمران خان زندہ ہے آپ کی قربانیاں ضائع نہیں ہونگی۔ عمران خان نے کہا کہ جب نریندر مودی نے کشمیر کا اسٹیٹس تبدیل کیا تو میں وزیر اعظم تھا اور ہم نے ہندوستان سے تعلقات ختم کر لیے اور فیصلہ کیا ہم کبھی کشمیریوں کی قربانیوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جب سے یہ امپورٹڈ حکومت مسلط ہوئی یہ ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ انہوں ن کہا کہ ہم نے ہندوستان سے تجارت بند کی ہوئی ہے لیکن پتا چلا مریم نے داماد کے لیے ہندوستان سے مشینری امپورٹ کی، آگے سے وہ کہتا ہے ابھی اسحاق ڈار آیا ہے اس کو سارے راستے پتا ہیں کیونکہ یہ چھپ چھپ کر ان کے ساتھ خفیہ تعلقات بنا رہے ہیں اور انہیں کشمیریوں کی قربانیاں نہیں بلکہ پیسہ عزیز ہے۔ سابق وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ شہباز شریف تمھارا خاص شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ تم نے میری میرے پرنسپل سیکرٹری سے بات چیت لیک کر دی اور آپ نے ثابت کر دیا کہ وہ مراسلہ حقیقت ہے۔ یہ ہمارے ایمبیسیڈر اور امریکی سفیر کا مراسلہ ہے۔ وہ کہتا ہے عمران خان کو شکست نہ دی تو نقصان اٹھانا پڑے گا لیکن مجھے نقصان پہنچاتے پہنچاتے آپ نے اپنا بیڑہ غرق کر لیا۔ اگر تم شہباز شریف کو لے آئے تو پاکستان کو فائدہ ہوگا اور وہ کہتا ہے عمران خان کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑے گا اور پھر اس کے بعد ہمارے لوگ لوٹے ہونے شروع ہوجاتے ہیں۔ پی ٹی آئی سربراہ نے کہا شہباز شریف امریکہ میں مہنگے مہنگے ہوٹلوں میں ٹھہرا ہے جبکہ سندھ کے لوگ سیلاب کے عذاب میں ہیں۔ گھروں کا اناج ختم ہو گیا اور کپاس کی فصل گئی، لوگ سڑکوں پر ہیں لیکن بلاول امریکہ جا کے کیا کہانی سنا رہے ہیں؟. عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتا ہے مانگنے نہیں آیا لیکن مجبوری ہے، اگر ملک کو تباہ کرنا ہے تو ایسے چوروں کو مسلط کردو لیکن ہم ان چوروں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ میں اپنی قوم کو کال دینے والا ہوں اور جب میں کال دوں گا تو آپ نے حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے۔