پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7مزدورجاں بحق,وزیراعظم کانوٹس،رپورٹ طلب

پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7مزدورجاں بحق,وزیراعظم کانوٹس،رپورٹ طلب
کیپشن: پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7مزدورجاں بحق,وزیراعظم کانوٹس،رپورٹ طلب

ویب ڈیسک: بلو چستان کے علا قے پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7مزدورجاں بحق ہو گئے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے واقعے کی شدید مذمت  کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلا ت کے مطابق پو لیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق اور زخمی مزدوروں کا تعلق ملتان سے بتایا جارہا ہے، جاں بحق ہو نے والوں میں ساجد ،شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کی شناخت بلال کے نام ہوئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاشوں کو تحویل میں لے کر مقامی ہسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم نے مقتولین کی بلندیٔ درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

وزیر داخلہ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی مزدور کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Watch Live Public News