ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی فتح پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 249 میں بھی دھند چھا گئی تھی.
این اے 249 کے ضمنی انتخاب پر مسلم لیگ ن کی رہنماء نے یکے بعد دیگرے کئی ٹویٹ کیے، ان کا کہنا تھا کہ این اے 249 میں (ن) لیگ سے الیکشن چرالیاگیا، یہاں بھی دھند چھا گئی تھی کہ عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا؟ ہمیں بے وقوف سمجھ رکھا ہےکیا؟ مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو متنازع ترین الیکشن کا نتیجہ روک دینا چاہیے، الیکشن کمیشن نتیجہ نہ بھی روکے تویہ جیت عارضی ہوگی۔ووٹ کو عزت مل رہی ہے اور مل کر رہے گی.
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیانیے کی گونج خیبر سے کراچی تک، اسکی سیاست کو ختم کرنے اور کہنے والوں کو خبر ہو۔
یاد رہے کہ 276 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے 16156 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کر لی۔ نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل 15573 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
ٹی ایل پی کے نذیر احمد 11125 ووٹ لے کر تیسرے، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال 9227 ووٹ لے کر چوتھے، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی 8922 ووٹ لے کر پانچویں اور ایم کیوایم کے حافظ محمد مرسلین 7511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔